وہ پسندیدہ غذائیں جو دماغ کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہیں!

دماغی صحت کے لئے خطرہ بننے والی غذائیں فائل فوٹو دماغی صحت کے لئے خطرہ بننے والی غذائیں

جنک یا فاسٹ فوڈ کو صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے اور دماغی صحت بھی اس سے متاثر ہوتی ہے۔

مگر ایسی کونسی الٹرا پراسیس غذائیں ہیں جو ڈیمینشیا یا الزائمر جیسے امراض کا خطرہ زیادہ بڑھاتی ہیں؟

اس سوال کا جواب امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ ورجینیا ٹیک کی اس تحقیق میں الٹرا پراسیس غذاؤں سے دماغ پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

 واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، پیزا، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔

ان غذاؤں کو متعدد دائمی امراض جیسے امراض قلب، کینسر اور دیگر سے منسلک کیا جاتا ہے اور اب نئی تحقیق میں ان کا ایک اور نقصان سامنے آیا ہے۔

اس تحقیق میں 55 سال یا اس سے زائد عمر کے 4750 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جس میں دیکھا گیا تھا کہ 2014 سے 2020 کے دوران ان کی صحت کیسی رہی تھی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال دماغی صحت پر ٹھوس منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

اس کے بعد محققین نے جائزہ لیا کہ کونسے جنک فوڈز ایسے ہیں جو دماغ کے لیے زیادہ بدترین ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے دریافت کیا کہ الٹرا پراسیس گوشت اور میٹھے مشروبات سے دماغی صحت پر سب سے زیادہ منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

 یعنی اگر آپ فرائیڈ چکن اور اس کے ساتھ سافٹ ڈرنک کا استعمال کرتے ہیں تو ایسا کرنا دماغی صحت پر منفی اثرات کی شدت میں دوگنا اضافہ کر دیتا ہے۔

محققین کی جانب سے ان افراد کی دماغی صحت کی جانچ پڑتال کی گئی اور فوری یا تاخیر سے ردعمل کی صلاحیت کا جائزہ لیا۔ اسی طرح دیگر دماغی افعال کو بھی جانچا گیا۔

تحقیق کے مطابق دن بھر میں محض ایک اضافی الٹرا پراسیس غذا کے استعمال سے دماغی تنزلی سے جڑے مسائل کا خطرہ 17 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

چینی سے بنے مشروبات جیسے سوڈا، آئس ٹی اور فروٹ جوسز کو دن بھر میں ایک بار استعمال کرنے سے ہی دماغی تنزلی کا خطرہ 6 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر عمر میں اضافے کے ساتھ دماغی صحت کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو الٹرا پراسیس غذاؤں اور میٹھے مشروبات سے دور رہنے کی کوشش کریں۔

محققین کے مطابق آپ خود ایسا کرسکتے ہیں، متوازن غذا کا انتخاب دماغی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

install suchtv android app on google app store