ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچنا چاہتے ہیں؟ یہ ایک عادت ابھی اپنائیں

آپ ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے جان لیوا امراض کو خود سے ہمیشہ کے لیے دور رکھنا چاہتے ہیں؟ فائل فوٹو آپ ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے جان لیوا امراض کو خود سے ہمیشہ کے لیے دور رکھنا چاہتے ہیں؟

کیا آپ ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے جان لیوا امراض کو خود سے ہمیشہ کے لیے دور رکھنا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں تو اس کا حل نہایت سادہ ہے بس روزانہ 10 سے 15 منٹ کی مسلسل چہل قدمی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنالیں۔

یہ بات آسٹریلیا میں کی جانے والی ایک تازہ طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

سڈنی یونیورسٹی کے ماہرین کی اس تحقیق کے مطابق، روزانہ صرف چند منٹ زیادہ وقت تک مسلسل چہل قدمی کرنے سے دل کے امراض، خصوصاً ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ دو تہائی تک کم ہوسکتا ہے۔

تحقیق میں 40 سے 79 سال کے 33 ہزار سے زائد مرد و خواتین شریک ہوئے جو روزانہ اوسطاً 8 ہزار سے کم قدم چلنے کے عادی تھے، اور مطالعے کے آغاز میں دل یا کینسر کے امراض سے محفوظ تھے۔

ان شرکاء کو ایک ہفتے کے لیے خصوصی رسٹ بینڈز پہنائے گئے تاکہ ان کے روزانہ قدموں کی تعداد اور چلنے کے دورانیے کو درست طور پر ناپا جا سکے۔ ان کی صحت کا جائزہ آٹھ برس تک لیا گیا۔

نتائج کے مطابق، جو افراد روزانہ 10 سے 15 منٹ تک مسلسل چہل قدمی کرتے تھے، ان میں ہارٹ اٹیک یا فالج کا امکان صرف 4 فیصد پایا گیا، جب کہ صرف 5 منٹ تک چہل قدمی کرنے والوں میں یہ خطرہ 13 فیصد تک تھا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ فائدہ بالخصوص ان افراد میں زیادہ نمایاں دیکھا گیا جو جسمانی طور پر غیر متحرک تھے۔

یعنی دن بھر میں 5 ہزار سے کم قدم چلتے تھے۔ ایسے افراد میں دل کے امراض کا خطرہ 15 فیصد سے گھٹ کر محض 7 فیصد رہ گیا، بشرطِ چہ وہ روزانہ مسلسل 15 منٹ چہل قدمی کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے دور رہنے والے افراد بھی اگر روزانہ کچھ وقت پیدل چلنے کو معمول بنا لیں تو وہ اپنی دل کی صحت میں نمایاں بہتری لا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ طرزِ زندگی میں یہ سادہ تبدیلی صحت کے لیے حیران کن فوائد لا سکتی ہے۔ تحقیق کے نتائج معروف سائنسی جریدے میں شائع ہوئے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ایک اور تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ اچھی صحت کے لیے روزانہ 7 سے 10 ہزار قدم چلنا ضروری نہیں بلکہ معمولی مگر مستقل جسمانی سرگرمی بھی کافی مؤثر ثابت ہوتی ہے۔

درحقیقت اگر ایک ہفتے میں آپ ایک یا 2 دن بھی چند ہزار قدم چلتے ہیں تو امراض قلب سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں ساڑھے 13 ہزار سے زائد خواتین کو شامل کیا گیا جن کی اوسط عمر 71 سال تھی۔

2011 سے 2015 کے درمیان مسلسل 7 دن تک ان خواتین کی جسمانی سرگرمیوں کا ڈیٹا ٹریکر کے ذریعے اکٹھا کیا گیا اور پھر ان کی صحت کا جائزہ لگ بھگ 11 سال تک لیا گیا۔

تحقیق کے آغاز پر یہ سب خواتین امراض قلب اور کینسر سے محفوظ تھیں۔

11 سال کے دوران 1765 خواتین کا امراض قلب کے باعث انتقال ہوا جبکہ 781 میں ان امراض کی تشخیص ہوئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر ہفتے ایک یا 2 دن 4 ہزار قدم چلنے والی خواتین میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 26 فیصد جبکہ امراض قلب سے موت کا خطرہ 27 فیصد تک گھٹ گیا۔

جن خواتین نے ہفتے میں 3 دن اتنے قدم چلنے کی ہمت کی، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 40 فیصد جبکہ امراض قلب سے موت کا خطرہ 27 فیصد تک کم ہوگیا۔

تحقیق کے مطابق اسی طرح ہفتے میں 3 یا اس سے زائد دنوں تک 5 سے 7 ہزار قدم چلنے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 32 فیصد اور امراض قلب سے موت کا خطرہ 16 فیصد تک گھٹ گیا۔

install suchtv android app on google app store