ویکسینیشن کی 6 روزہ خصوصی مہم 19 ستمبرسے شروع کرنے کا فیصلہ

ویکسینیشن کی 6 روزہ خصوصی مہم 19 ستمبرسے شروع کرنے کا فیصلہ فائل فوٹو ویکسینیشن کی 6 روزہ خصوصی مہم 19 ستمبرسے شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی اور حیدرآباد میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی 6 روزہ خصوصی ویکسینیشن مہم 19 ستمبر سے شروع ہوگی، ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران 5 سے 11 سال کی عمر کے 24 لاکھ بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔

کراچی میں کرونا وائرس کے نتیجے میں اب تک 5 سے 11 سال کی عمر کے 62 اور حیدرآباد میں 2 بچے انتقال کرچکے ہیں، کرونا وائرس سے سب سے زیادہ بچوں کی اموات کراچی کے ضلع جنوبی میں ہوئیں، کراچی اور حیدرآباد میں 9 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت سندھ نے کراچی اور حیدرآباد میں 19 ستمبر سے 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی 6 روزہ ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہم کے دوران 3 افراد پر مشتمل 4 ہزار 554 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں سے 3 ہزار 987 آؤٹ ریچ ٹیمیں، 536 فکسڈ سینٹر اور 3 موبائل ٹیمیں شامل ہوں گی، مہم کے دوران 5 سے 11 سال عمر کے 34 لاکھ 13 ہزار 884 بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف رکھا گیا ہے، جنہیں فائزر کی کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی جائے گی تاہم 70 فیصد ہدف کیلئے 24 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم کے 58 ای ڈی اوز بھی مہم کا حصہ ہوں گے اور ضلعی سطح پر 40 مانیٹرز مہم کی نگرانی کریں گے۔

کرونا وائرس کے نتیجے میں مارچ 2020ء سے اگست 2022ء تک کراچی اور حیدرآباد میں 5 سال سے 11 سال کی عمر کے 64 بچے انتقال کرچکے ہیں اموات کی یہ شرح 0.7 فیصد بنتی ہے، سب سے زیادہ 49 اموات کراچی کے ضلع جنوبی میں ہوئیں، شہر قائد میں مجموعی طور پر اب تک ان عمروں کے 62 بچے انتقال کرچکے ہیں اور حیدرآباد میں انتقال کرنیوالے بچوں کی تعداد 2 ہے۔

کراچی اور حیدرآباد میں مجموعی طور پر 96 ہزار پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ سندھ کے 30 اضلاع میں ایک لاکھ 89 ہزار 555 ٹیسٹ کئے گئے، کراچی اور حیدرآباد میں اب تک 5 سال سے 11 سال کی عمر کے 9 ہزار 140 بچے کرونا وائرس سے متاثر ہوئے، اس طرح مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد بنتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سندھ کے 30 اضلاع میں مجموعی طور پر متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 12 ہزار 491 ہے اور یوں سندھ بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ بچوں کی شرح 7 فیصد ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ 6 ہزار 326 بچے ضلع جنوبی کراچی میں متاثر ہوئے، جہاں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 28 فیصد رہی ہے، کراچی اور حیدرآباد میں کرونا وائرس سے اب تک 5 سے 11 سال کی عمر کے 194 بچے اسپتال داخل ہوئے ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن رفیعہ جاوید نے ہدایت کی ہے کہ اسکولز مالکان آگاہی بینرز اپنے اسکولوں میں آویزاں کریں، اساتذہ کو متحرک کیا جائے اور والدین کو آگاہی دی جائے۔

بچوں کی بیماریوں کے ماہرین پر مشتمل نمائندہ تنظیم پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی شرح میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے، اس وقت 12 سال سے زائد عمر کے تمام پاکستانیوں کی ویکسینیشن کی جاچکی ہے، اب حکومت پاکستان نے 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کی ویکسینیشن شروع کا فیصلہ کیا ہے۔

پہلے فیز میں کراچی، حیدرآباد، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور اسلام آباد میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو ویکسینیٹ کیا جائے گا۔

پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے والدین سے اپنے بچوں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن لگانے میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

install suchtv android app on google app store