بچوں کی کورونا ویکسینیشن سے متعلق برطانوی حکومت کا اہم فیصلہ

ویکسینیشن فائل فوٹو ویکسینیشن

برطانیہ کی آزاد ویکسین ایڈوائزری کمیٹی نے 5 سے 11 سال کی عمر کے برطانوی بچوں کو کورونا ویکسین لگانے کی منظوری دے دی ہے۔

انگلینڈ کے ہیلتھ سیکرٹری ساجد جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ نیشنل ہیلتھ سروس اپریل میں اس عمر کے بچوں کو ویکسین کی خوراک دینا شروع کر دے گی، اسکاٹ لینڈ اور ویلز جن کے اپنے صحت کے نظام ہیں، انہوں نے بھی بدھ کے روز 5 سے 11 سال کے بچوں کو ویکسی نیشن کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیر صحت ساجد جاوید نے کہا کہ 6 ملین بچوں کو کرونا ویکسین لگائی جائےگی، ویکسین صرف صحتمند بچوں کو لگےگی اور ان کی ویکسی نیشن کا فیصلہ والدین کرینگے۔

ایڈوائزری باڈی کے مطابق اس گروپ کے بچوں کو فائزر کی (دو پیڈیاٹرک ) خوراکیں دی جائیں گی، دونوں خوراکوں کے درمیان 12 ہفتوں کا وقفہ ہوگا جبکہ ویکسین کی ابتدائی خوراکیں بڑی ہوتی ہیں اور عام طور پر چار ہفتوں کے وقفے پر دی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ برطانیہ دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے فائزر ویکسین کا استعمال شروع کیا تھا، ویکسین پر عوام الناس کا اعتماد قائم کرنے کی خاطر ملکہ برطانیہ اوران کے خاوند شہزادہ فلپ نے بھی ویکسین لگوائی تھی۔

install suchtv android app on google app store