معروف اداکار گلاب چانڈیو بیماری کے باعث انتقال کر گئے

معروف اداکار گلاب چانڈیو بیماری کے باعث انتقال کر گئے فائل فوٹو معروف اداکار گلاب چانڈیو بیماری کے باعث انتقال کر گئے

سندھی اور اردو سمیت ملک کی دیگر زبانوں کے درجنوں ڈراموں اور فلموں میں لازوال کردار ادا کرنے والے معروف اداکار گلاب چانڈیو بیماری کے باعث انتقال کر گئے۔

گلاب چانڈیو نے سندھ کے ضلع نوابشاہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں شہمیر چانڈیو میں جنوری 1956 کو جنم لیا اور نوجوانی میں ہی اداکاری کی شروعات کی۔

گلاب چانڈیو نے ابتدائی طور پر ریڈیو اور اسٹیج پر اداکاری کے جوہر دکھائے، جس کے بعد انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اداکاری کے جوہر دکھائے۔
گلاب چانڈیو نے اداکاری کی شروعات سندھی ڈراموں سے کی اور انہوں نے سندھ کے کلاسیکل کرداروں کو شاندار طریقے سے نبھایا۔

گلاب چانڈیو کو یہ اعزاز بھی جاتا ہے کہ انہوں نے سندھی اور اردو ڈراموں میں سندھ کے ایسے جرائم پیشہ افراد کے کردار بھی نبھائے جو آج بھی فکشن میں کلاسک کردار مانے جاتے ہیں۔

گلاب چانڈیو نے نہ صرف سندھی بلکہ اردو اور سرائیکی سمیت بلوچی زبان میں بھی اداکاری کی، علاوہ ازیں انہوں نے ایک درجن سے کم سندھی اور اردو فلموں میں بھی اداکاری کی۔

گلاب چانڈیو کا شمار پی ٹی وی کے ان منجھے ہوئے اداکاروں میں کیا جاتا ہے، جنہوں نے 1980 سے لے کر 1995 تک اپنی اداکاری سے ملک کے عوام کو محظوظ کیا۔

گلاب چانڈیو زندگی کے آخری سالوں تک اداکاری اور آرٹس سے وابستہ رہے، انہیں ان کی اداکاری پر صدارتی ایوارڈ سمیت دیگر اعلیٰ ایوارڈز بھی دیے گئے۔

گلاب چانڈیو نے سیاست میں بھی قسمت آزمائی کی اور وہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل (پی ایم ایل ایف) سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کلچرل ونگ سے وابستہ رہے۔

گزشتہ چند دن سے گلاب چانڈیو کی طبیعت ناساز تھی، اس لیے انہیں 2 دن قبل ہی کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ انتقال کر گئے۔

اداکار کے قریبی ساتھیوں کے مطابق گلاب چانڈیو کو شگر سمیت دل کی بیماری لاحق تھی اور چند دن قبل ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔

گلاب چانڈیو کے انتقال پر سندھ سمیت ملک بھر کی فنکار برادری نے تعزیت کا اظہار کیا ہے، جب کہ ان کے انتقال کو ڈرامہ انڈسٹری کا بہت بڑا نقصان بھی قرار دیا ہے۔

گلاب چانڈیو نے مرحوم شفیع محمد شاہ، صلاح الدین تنیو اور نور محمد لاشاری جیسے لیجنڈ اداکاروں کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا اور ان کے ساتھ ہی انہوں نے کلاسیکل ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

install suchtv android app on google app store