نشریاتی تاریخ کی معتبر آواز و معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ دوبارہ پی ٹی وی پر آ گئیں

پاکستان کی معروف نیوز کاسٹرعشرت فاطمہ نے لگ بھگ ایک عشرے بعد پی ٹی وی دوبارہ جوائن کرلیا ہے فائل فوٹو پاکستان کی معروف نیوز کاسٹرعشرت فاطمہ نے لگ بھگ ایک عشرے بعد پی ٹی وی دوبارہ جوائن کرلیا ہے

پاکستان کی معروف نیوز کاسٹرعشرت فاطمہ نے لگ بھگ ایک عشرے بعد پی ٹی وی دوبارہ جوائن کرلیا ہے۔ گزشتہ شب انہوں نے نیوز چینل پر ایک مرتبہ پھر خبریں پڑھیں، جہاں بلیٹن کے آغاز پر ساتھی نیوز اینکر نے انہوں بطور مینٹور خوش آمدید کہا۔

عشرت فاطمہ کی واپسی ایک ایسے پس منظر میں سامنے آئی جب وہ رواں سال 14 جنوری کو ریڈیو پاکستان سے علیحدگی اختیار کرچکی تھیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے ادارے میں مناسب جگہ نہ ملنے اور بعض منفی رویوں پر شدید دکھ اور تکلیف کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ طویل انتظار کے باوجود حالات بہتر نہ ہوئے اور بار بار یہ احساس دلایا گیا کہ ان کی خدمات کی ضرورت نہیں۔

جس کے بعد انہوں نے بھاری دل کے ساتھ ریڈیو پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ اس وقت عشرت فاطمہ نے یہ بھی کہا تھا کہ خبریں پڑھنا ان کا عشق اور جنون ہے اور ادارے ہی افراد کو شناخت اور مقام دیتے ہیں۔

تاہم ان کے بقول جب کسی سے پیشہ ورانہ مقابلہ ممکن نہ رہے تو بعض اوقات منفی طریقے اختیار کر لیے جاتے ہیں، جو ایک براڈ کاسٹر کے لیے اذیت کا باعث بنتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ ان کے نزدیک مالی مفاد کبھی ترجیح نہیں رہا بلکہ معیاری اور دیانتدارانہ انداز میں کام کرنا ہی ان کا اصل مقصد رہا ہے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے عشرت فاطمہ کی نشریاتی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کی براڈکاسٹنگ تاریخ کی ایک معتبر اور قابلِ فخر شناخت قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عشرت فاطمہ کا تقریباً 45 سالہ شاندار کیریئر پیشہ ورانہ دیانتداری، مہارت اور قومی خدمت کی روشن مثال ہے، اور ملک کے تمام طبقات انہیں جانتے اور پہچانتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ اگرچہ عشرت فاطمہ ایک دہائی قبل پی ٹی وی اور حال ہی میں ریڈیو پاکستان سے علیحدہ ہوئیں، تاہم اب ان سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ پاکستان ٹیلی ویژن میں بطور مینٹور نئی نسل کے نیوز کاسٹرز کی تربیت کریں۔

ان کے مطابق عشرت فاطمہ اردو زبان کے درست تلفظ، دباؤ اور ہنگامی حالات میں خبروں کی پیشکش، خصوصاً قدرتی آفات کے دوران نشریاتی ذمہ داریوں سے متعلق قیمتی تجربہ رکھتی ہیں، جو نوجوان اینکرز کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوسکتا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ عشرت فاطمہ کا کبھی سیاست سے کوئی تعلق یا سیاسی جھکاؤ نہیں رہا اور انہوں نے ہمیشہ پیشہ ورانہ اصولوں کے تحت خدمات انجام دی ہیں،ان کی واپسی کو انہوں نے نوجوان براڈ کاسٹرز کے حوصلے بلند کرنے کا سبب قرار دیا تھا۔

اس موقع پر عشرت فاطمہ نے بھی اس اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیوز ریڈنگ ان کی زندگی کا حصہ ہے اور اگر ان کے تجربے سے نئی نسل کچھ سیکھ سکتی ہے تو یہ ان کے لیے باعثِ مسرت ہوگا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بتایا تھا کہ عشرت فاطمہ نے پی ٹی وی میں نئی نسل کی تربیت کے لیے فراخ دلی سے آمادگی ظاہر کی، جس پر حکومت ان کی خدمات اور تجربے کی حقیقی قدر کو یقینی بنائے گی۔

install suchtv android app on google app store