ڈکی بھائی پر فردِ جرم عائد کرنے کے حوالے سے بڑی خبر

ڈکی بھائی فائل فوٹو ڈکی بھائی

معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان پر آن لائن جوئے کی تشہیر کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے 16 جنوری کو فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماعت کے دوران عدالت نے ڈکی بھائی سے کہا کہ عدالتی اجازت کے بغیر یوٹیوب چینل پر ولاگنگ کرنا غیر قانونی ہے اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ درخواست دینا لازمی ہے

پنجاب بار نے رجب بٹ کے وکیل کا لائسنس معطل کر دیا

ڈکی بھائی نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے گزشتہ سماعت میں جمع کرائے گئے حلف نامے کے ذریعے اجازت حاصل کر لی تھی، تاہم عدالت نے واضح کیا کہ کوئی شخص خود کو اجازت نہیں دے سکتا، یہ اختیار صرف عدالت کے پاس ہے۔

عدالت نے مزید استفسار کیا کہ آیا ملزم ولاگنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں، جس پر ڈکی بھائی کے وکیل نے بتایا کہ فی الحال ان کا مؤکل اپنے چینل پر کوئی مواد اپ لوڈ نہیں کر رہے اور انہیں واضح نہیں کہ کس نوعیت کی اجازت درکار ہے۔

مجسٹریٹ نے واضح کیا کہ ڈکی بھائی کا یوٹیوب چینل مقدمے کا مرکزی نکتہ ہے اور اسے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجسنی (این سی سی آئی اے) نے تحویل میں لے رکھا ہے۔ عدالت کے مطابق، ملزم ولاگنگ کر سکتے ہیں، لیکن اس مخصوص ضبط شدہ چینل پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنا غیر قانونی ہے۔

پراسیکیوشن کے مطابق، ملزمان نے اپنے یوٹیوب چینل اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آن لائن بیٹنگ ایپس کی تشہیر کی اور بڑی تعداد میں صارفین کو متاثر کیا، جو ملکی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ مواد کے ذریعے بالواسطہ جوئے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

این سی سی آئی اے کی تفتیش کے بعد ملزمان کے خلاف باقاعدہ فوجداری کارروائی شروع کی گئی اور مزید غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے متعلقہ یوٹیوب چینل کو منجمد کر دیا گیا۔

بھارتی فلم دھریندر میں بلوچ برادری سے متعلق توہین آمیز مکالمہ تبدیل

ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کو بھی چینل کے مواد کے انتظام اور جوئے سے متعلق مواد کی تشہیر میں مبینہ کردار کے باعث ملزمان میں شامل کیا گیا ہے۔ عدالت کے مطابق، یہ مقدمہ واضح کرتا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مواد تیار کرنے میں شامل افراد اور اہلِ خانہ بھی پاکستانی سائبر قوانین کے تحت جوابدہ ہو سکتے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store