معروف اداکارہ اور خوبرو ماڈل سنیتا مارشل کا کہنا ہے کہ خوبصورتی کا گورے پن سے کوئی تعلق نہیں، گلیمرس لگنے کے لئے گورا ہونا ضروری نہیں ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ اگر خوبصورتی کا مطلب گورا ہونا ہے تو میرے نزدیک خوبصورتی کا گورے پن سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ گلیمرس لگنے کے لئے گورا ہونا ضروری نہیں۔
معروف اداکارہ کا کہنا ہے کہ میرے نزدیک صاف شفاف اور تروتازہ جلد سب سے زیادہ اہم ہے۔ ویسے تومیں خاصی سست ہوں لیکن کبھی کبھارگھر پر ہی جلد کی حفاظت کے لئے کچھ ٹوٹکے آزما لیتی ہوں۔ میں گھنٹوں بیوٹی پارلروں پر گزارنے سے گریز کرتی ہوں لیکن اگر کبھی موڈ ہوتوفیشل بھی کروالیتی ہوں۔
شاپنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاپنگ کا کچھ خاص شوق نہیں کیونکہ میں ہمیشہ ضرورت کی چیزیں خریدتی ہوں اورپہلے یہ دیکھتی ہوں کہ میرا بجٹ کتنا ہے یا مجھے اس چیز کی ضرورت ہے بھی یا نہیں؟ میں بلا ضرورت چیزیں اکٹھی کر کے الماریاں بھرنے والی خواتین میں سے نہیں ہوں۔
سنیتا مارشل نے کہا کہ مجھے جوتوں اور کپڑوں کاایک حد سے زیادہ شوق نہیں، ویسے بھی مختلف تقریبات میں آنا جانا تولگا رہتا ہے اس لئے کپڑے اور جوتے میری اہم ضرورت ہیں مگر میں عام زندگی میں جینز اورٹی شرٹس پہن کر بہترمحسوس کرتی ہوں۔ ویسے بھی شاپنگ کرتے ہوئے خود سے زیادہ بچوں کی ضروریات اور فرمائشیں ذہن میں رہتی ہیں۔