موسم سرما کا پھل منفرد سرخ رنگ کا چمکدار انار انسانی جسم کیلئے بہت سارے ضروری غذائی اجزاء سے مزین ہے۔ سپر فوڈ کہلایا جانے والا یہ پھل نہ صرف لذت بلکہ صحت مند اجزاء کی وافر مقدار رکھتا ہے۔
ویسے تو انار سردی کا پھل ہے جسے کھانے سے جسم کو ٹھنڈ اور کھانسی کے اثرات سے بھی بچا جاسکتا ہے لیکن یہ چہرے کی جلد کو بھی نئی تازگی اور جلا بخشتا ہے۔
آج ہم آپ کو انار کے استعمال کا ایک ایسا طریقہ بتارہے ہیں جس سے آپ کے چہرے کے داغ دھبے بھی ختم ہوجائیں گے اور رنگت میں بھی نکھار آجائے گا۔
اس ماسک کو بنانے کے لئے تین کھانے کے چمچ انار کا جوس، ایک کھانے کا چمچ دہی اور ایک کھانے کا چمچ پسا ہوا گڑ لیں۔
جوس کو تھوڑا پکالیں تاکہ وہ گاڑھا ہوجائے اور تینوں چیزیں ملا کر پیسٹ بنا لیں، اس آمیزے کو چہرے، گردن اور ہاتھوں پر لگالیں اور آدھا گھنٹہ بعد سادے پانی سے دھو لیں۔
اس عمل کو مسلسل کرنے سے چہرہ جگمگا اٹھے گا اور دانے، داغ دھبے بھی دور ہوجائیں گے، اس کے علاوہ انار میں فائبر کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے جو کہ اینٹی آکسیڈینٹ ہے اور جسم کو چست اور توانا بھی رکھتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق انار خون کو پتلا کرنے کے لیے جانا جاتا ہے، خون کی کمی کو بھی اس پھل سے پورا کیا جاتا ہے، اس کا استعمال خون کے جمنے کو روکتا ہے۔