مختلف شہروں میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حیدرآباد کی ہول سیل مارکیٹ میں گزشتہ دو دنوں کے دوران چینی کی فی کلو قیمت 178 روپے سے بڑھ کر 180 روپے ہو گئی ہے، جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں یہ قیمت 185 روپے سے بڑھ کر 190 روپے تک جا پہنچی ہے۔
فیصل آباد میں بھی چینی کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ ہول سیل میں پچاس کلو بوری کی قیمت دس ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں دکاندار چینی 190 سے 200 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ سرکاری قیمت 179 روپے ہے۔
کوئٹہ کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی 205 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ دکانوں پر قیمت 210 سے 215 روپے کے درمیان ہے۔
گزشتہ ہفتے یہاں چینی 190 روپے فی کلو دستیاب تھی، اور 50 کلو کے تھیلے کی قیمت 10,100 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ملتان میں بھی پرچون سطح پر چینی مہنگی فروخت ہو رہی ہے۔ چند روز کے دوران فی کلو قیمت میں 10 سے 15 روپے اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری ریٹ 172 روپے فی کلو ہے، جبکہ مارکیٹ میں چینی 180 سے 190 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہے۔ غلہ منڈی میں 50 کلو چینی کا تھیلا 8,650 روپے میں دستیاب ہے۔
دوسری جانب پشاور میں چینی کی قیمت میں کمی آئی ہے، ڈیلرز کے مطابق پرچون میں فی کلو چینی 180 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، دو روز قبل پرچون میں فی کلو چینی کی قیمت 184 روپے تھی۔