پیٹرول 2 روپے سستا، ڈیزل 9 روپے 50 پیسے مہنگا ہونے کا امکان

بین الاقوامی منڈی میں معمولی اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرول کے علاوہ تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے فائل فوٹو بین الاقوامی منڈی میں معمولی اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرول کے علاوہ تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے

بین الاقوامی منڈی میں معمولی اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرول کے علاوہ تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز (30 نومبر تک) کے لیے ہفتے کو زیادہ سے زیادہ 9 روپے 50 پیسے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ ٹیکس شرحوں کی بنیاد پر ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 9 روپے 50 پیسے فی لیٹر (تقریباً 3.4 فیصد) اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 2 روپے فی لیٹر یا 0.7 فیصد کمی متوقع ہے۔

یکم جون سے اب تک پیٹرول اور ڈیزل کی نیٹ قیمتوں میں بالترتیب تقریباً 12 روپے 50 پیسے اور 23 روپے فی لیٹر اضافہ ہوچکا ہے۔

اسی طرح مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی ایکس ڈپو قیمتوں میں بالترتیب 8 روپے 80 پیسے (4.8 فیصد) اور 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر (4.4 فیصد) اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ فی الحال مٹی کا تیل 185 روپے اور ایل ڈی او 164 روپے فی لیٹر دستیاب ہے۔

ایکس ڈپو پیٹرول کی موجودہ قیمت 265 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہے، جو کم ہو کر 263 روپے 50 پیسے تک پہنچ سکتی ہے۔ پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے، اور اس کی قیمت میں تبدیلی متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے بجٹ پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی موجودہ ایکس ڈپو قیمت 278 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہے، جو 15 نومبر کو بڑھ کر 288 روپے فی لیٹر یا اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

ٹرانسپورٹ سیکٹر کی زیادہ تر سرگرمیاں اسی ایندھن پر منحصر ہیں، اور اس کی قیمت میں اضافہ مہنگائی میں اضافے کا باعث بنتا ہے کیونکہ یہ ٹرکوں، بسوں، ٹریکٹروں، ٹیوب ویلز اور تھریشرز سمیت بڑی زرعی اور ٹرانسپورٹ مشینری میں استعمال ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں سبزیوں اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔

ٹرانسپورٹر پہلے ہی مئی سے اگست کے دوران 27 روپے فی لیٹر اضافے کی بنیاد پر کرائے بڑھا چکے ہیں اور 13 روپے فی لیٹر کمی کے باوجود انہیں واپس نہیں لیا۔

پیٹرول اور ڈیزل حکومت کے لیے بڑی آمدنی کا ذریعہ ہیں، جن کی اوسط ماہانہ فروخت تقریباً 7 سے 8 لاکھ ٹن ہے۔

install suchtv android app on google app store