تمام صنعتی اور خصوصی اقتصادی زونز کو ایک ہی پوائنٹ سے بجلی کی فراہمی کے حوالے سے پاور ڈویژن میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پاور ڈویژن نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام صنعتی و اقتصادی زونز میں بجلی کی فراہمی اور بلنگ کے معاملات پر فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے نیپرا کے فیصلے کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوراً ان زونز کی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
کابینہ کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے 25 فروری کو نیپرا میں ایک درخواست جمع کروائی تھی، جس میں ان زونز کو ایک پوائنٹ سے بجلی کی فراہمی کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔
نیپرا نے مشاورت کے بعد 11 اگست کو ہدایت دی کہ متعلقہ زونز کے ساتھ گفت و شنید کے ذریعے حتمی معاہدے کیے جائیں۔
وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو اسپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس کے ساتھ فوری عمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے تمام کمپنیوں کو فوری نیپرا کی ہدایات کے مطابق معاہدات فائنل کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
بجلی تقسیم کار کمپنیاں اب فوری طور پر ان معاہدوں کی روشنی میں ان زونز کو ایک پوائنٹ پر بجلی فراہم کریں گی۔
اس عمل سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی بے جا مداخلت اور کرپشن کا تدارک کیا جا سکےگا۔