اپنی بیوی کو شارک مچھلی سے بچانے والا 'ہیرو' شوہر

شارک مچھلی فائل فوٹو شارک مچھلی

شارک خاص طور پر گریٹ وائٹ شارک کو اپنے ارگرد دیکھ کر اکثر افراد خوفزدہ ہوجاتے ہوں گے۔

مگر کوئی کسی کو شارک مچھلی سے بچانے کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے لیے تیار ہوسکتا ہے؟ آسٹریلیا میں ایک شخص نے ایسا ہی کیا۔

پورٹ میکوائر کے شیلے بیچ میں ایک شخص کو اس وقت ہیرو قرار دیا گیا جب اس نے بیوی کو بچانے کے لیے شارک مچھلی پر مسلسل مکے برسائے اور مچھلی کے منہ میں دبی ٹانگ چھڑانے میں کامیاب ہوگیا۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی صبح کو پیش آیا تھا اور شارک مچھلی نے سرفنگ کرنے والی خاتون کو 2 بار کاٹا جبکہ دائیں ٹانگ کو زخمی کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا 'شوہر نے مچھلی پر اس وقت تک مکے برسائے جب تک شارک کی گرفت سے اپنی بیوی کو آزاد نہیں کرالیا'۔

کانٹیلی ڈوئل نامی 35 سالہ خاتون کو ہسپتال سرجری کے لیے پہنچایا گیا اور حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔

قریب ہی سرفنگ کرنے والے ایک فرد نے شوہر کو ہیرو قرار دیا جس نے لگ بھگ 3 میٹر لمبی گریٹ وائٹ شارک مچھلی کا مقابلہ کیا۔

اس نے کہا 'وہ مچھلی کے اوپر لیٹ گیا کیونکہ وہ خاتون کو چھوڑ نہیں رہی تھی، انہوں نے اپنی بیوی کی زندگی بچالی، وہ واقعی زبردست شخص ہیں'۔

خاتون کے شوہر مارک ریپلے نے کہا 'میں نے تو بس وہی کیا جو اس لمحے میں کوئی بھی کرتا'۔

مقامی میڈیا کے مطابق مارک ریپلے نے اپنے سرف بورڈ سے شارک مچھلی پر اس وقت چھلانگ لگائی جب اس نے خاتون کو چھوڑنے سے انکار کردیا۔

چھلانگ لگانے کے بعد مارک نے مچھلی کو مارنا شروع کردیا اور بیوی کو چھڑا کر ساحل کی جانب لے گئے۔

مارک ریپلے نے بتایا کہ وہ پریقین نہیں تھے کہ شارک کو کہاں مارنا چاہیے، تو آنکھ سمیت متعدد بار مکے مارے تاکہ بیوی کی زندگی بچاسکے۔

ان کے بقول 'مجھے ایسا لگ رہا تھا کہ میں اینٹوں کی دیوار پر مکے مار رہا ہوں'۔

اس واقعے کے بعد ساحل کو 24 گھنٹوں کے لیے بند کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ ایک شارک مچھلی نے 10 سالہ لڑکے کو آسٹریلیا کے علاقے تسمانیہ کے ساحلی علاقے میں کشتی سے کھینچ لیا تھا، مگر لڑکے کے باپ نے پانی میں چھلانگ لگا کر اسے بچالیا تھا۔

install suchtv android app on google app store