امریکی ایوان نمائندگان میں ری پبلکن ارکان نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد ناکام بنا دی۔ ارکان نے مواخذے کے الزامات پر مزید کارروائی کے بجائے انہیں عدالتی کمیٹی کو بھیجنے کے حق میں ووٹ دیا جس سے مواخذے کا معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔
ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے پیر کو اپنی ہی جماعت کے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کے 8 الزامات پیش کیے تھے۔ تاہم منگل کو ایوان نمائندگان میں ان الزامات پر براہ راست ووٹنگ کے بجائے انہیں عدالتی کمیٹی کے حوالے کرنے کی تحریک پیش کی گئی۔ اس تحریک کے حق میں 211 جبکہ مخالفت میں 204 ووٹ پڑے۔ تحریک منظور ہونے کے بعد مواخذے کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تھامس میسی کی جانب سے ہیگسیتھ پر ایران اور یمن کے خلاف غیر قانونی فوجی کارروائیوں کے احکامات دینے، بحیرہ کیریبین میں کشتیوں پر حملے کرنے اور جنوری میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
رائٹرز کے مطابق ووٹنگ سے چند گھنٹے قبل ہیگسیتھ نے اپنے خلاف مواخذے کی کوشش کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا اور وزیر دفاع کی حیثیت سے اپنی کارکردگی کا بھرپور دفاع کیا تھا۔ جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ان کی کارکردگی کو سراہا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مواخذے کی کوشش ناکام بنانے کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں میسی اپنی جماعت کے دیگر ارکان سے الگ کھڑے ہوئے۔ وہ واحد ری پبلکن رکن تھے جنہوں نے مواخذے کے الزامات عدالتی کمیٹی کو بھیجنے کی مخالفت کی۔
میسی چاہتے تھے کہ ان کی جماعت کے دیگر ارکان بھی مواخذے کی حمایت کریں تاہم کسی دوسرے ریپبلکن رکن نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ الزامات عدالتی کمیٹی کو بھیجنے سے مواخذے کی کوشش ختم ہو جائے گی۔
دوسری جانب ڈیموکریٹس نے مواخذے کے الزامات کی حمایت کی تھی تاہم سابق اسپیکر نینسی پلوسی سمیت 11 ڈیموکریٹ ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ اگر ان میں سے 8 ارکان بھی ووٹ دیتے تو تحریک ناکام ہو سکتی تھی اور ایوان میں مواخذے پر باقاعدہ ووٹنگ کی راہ ہموار ہو جاتی۔
پلوسی کے ترجمان ایان کریگر نے بتایا کہ نینسی پلوسی سابق فوجیوں کے اعزاز میں منعقد ہونے والی سالانہ تقریب میں شرکت کے لیے سان فرانسسکو گئی ہوئی تھیں وگرنہ وہ اس تحریک کے خلاف ووٹ دیتیں۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ووٹنگ کے نتائج کا خیرمقدم کرتے ہوئے لکھا کہ ہیگسیتھ کے مواخذے کی کوشش بری طرح ناکام ہو گئی۔ ان کے مطابق ایران اور وینزویلا سمیت دیگر معاملات پر ہیگسیتھ کی کارکردگی نے انہیں ایک عظیم امریکی محب وطن ثابت کیا ہے۔
خیال رہے کہ پیٹ ہیگسیتھ امریکی تاریخ کے پہلے وزیر دفاع ہوتے جن کا مواخذہ کیا جاتا۔ اس سے قبل 1876ء میں امریکی فوج کے سربراہ سمجھے جانے والے وزیر جنگ ولیم بیلکنپ کا مواخذہ کیا گیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق ہیگسیتھ خود کو وزیر جنگ کہتے ہیں، یہ لقب امریکی فوج کو زیادہ مضبوط بنانے کی ان کی کوشش کا حصہ ہے۔ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال عہدہ سنبھالتے وقت فوج بہت کمزور اور ضرورت سے زیادہ لبرل نظریات کی حامل تھی۔ تاہم محکمہ دفاع کا نام تبدیل کرنے کے لیے کانگریس کی منظوری ضروری ہے۔
ایران کے ساتھ 8 ماہ سے جاری جنگ پر امریکی عوام کی ناراضی نے گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈیموکریٹس جنوری میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالیں گے۔
رائٹرز اور اِپسوس کے منگل کو جاری کیے گئے سروے کے مطابق امریکیوں کی اکثریت چاہتی ہے کہ نئی ڈیموکریٹ اکثریتی کانگریس ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی ہیگسیتھ کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یہ معاملہ ایران کا نہیں بلکہ پینٹاگون کی بیوروکریسی کے خلاف ہیگسیتھ کی کارروائیوں کا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ڈیموکریٹس کی جانب سے مواخذے کی نئی کوشش میں ان اعلیٰ فوجی افسران کو بھی گواہی کے لیے بلایا جا سکتا ہے جنہیں ہیگسیتھ نے عہدوں سے برطرف کیا تھا۔ ان میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین اور امریکی بحریہ کے اعلیٰ ترین ایڈمرل بھی شامل ہیں۔ ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں تنوع سے متعلق اقدامات کی مخالفت کی ہے۔
مواخذے کی نئی کوشش میں ڈیموکریٹس یوکرین سے متعلق پینٹاگون کی پالیسی اور بحیرہ کیریبین اور بحرالکاہل میں منشیات کی اسمگلنگ کے شبے میں کشتیوں پر امریکی فوج کے حملوں جیسے معاملات بھی اٹھا سکتے ہیں۔
دوسری جانب بعض ریپبلکن ارکان کا کہنا ہے کہ کانگریس کے ساتھ ہیگسیتھ کے کشیدہ تعلقات ٹرمپ انتظامیہ کے لیے سیاسی مسئلہ بن رہے ہیں۔ انتظامیہ فوجی بجٹ کو 950 ارب ڈالر سے بڑھا کر 1.5 ٹریلین ڈالر کرنا چاہتی ہے۔
تھامس میسی نے مواخذے کی کوشش ناکام ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ریپبلکن ارکان کا موازنہ ٹائی ٹینک کے ڈوبتے ہوئے جہاز کے مسافروں سے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکان جانتے ہیں کہ جہاز ڈوب رہا ہے لیکن اس کے باوجود اس پر سوار رہنے پر بضد ہیں۔