امریکا سے مذاکرات پر اہم پیشرفت؛ ایرانی وزیر خارجہ آج شام واپس اسلام آباد آئیں گے: ایرانی خبر ایجنسی

ایرانی وزیر خارجہ آج شام واپس اسلام آباد آئیں گے: ایرانی خبر ایجنسی فائل فوٹو ایرانی وزیر خارجہ آج شام واپس اسلام آباد آئیں گے: ایرانی خبر ایجنسی

ہفتے کو پاکستان کا دورہ مکمل کرنےکے بعد عمان روانہ ہونے والے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی عمان کے دورے کے بعد دوبارہ پاکستان آئیں گے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے نے وزارتِ خارجہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی عمان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اور روس روانگی سے قبل ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے اعلان کردہ منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے آئی آر این اے نے بتایا کہ ایرانی وفد کا ایک حصہ جنگ کے خاتمے سے متعلق ضروری امور پر مشاورت کے لیے تہران واپس جا چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، یہ نمائندے اتوار کی رات اسلام آباد میں دوبارہ عباس عراقچی سے ملیں گے۔

یاد رہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ چند گھنٹے قبل ہی پاکستان کا دورہ مکمل کرکے سلطنت عمان روانہ ہوئے تھے۔

پاکستان کے دورے پر ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کو "انتہائی مفید" قرار دیا، تاہم یہ بھی کہا کہ انہیں "ابھی دیکھنا ہے کہ آیا امریکا واقعی سفارت کاری کے لیے سنجیدہ ہے یا نہیں"۔

install suchtv android app on google app store