پاکستانی شہری اب برطانیہ کے سفر کے لیے ای ویزا سسٹم استعمال کر سکیں گے۔ پاکستان میں قائم برطانوی ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ سیاحت، کاروبار اور فیملی وزٹ کے لیے پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر لگوانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
ہائی کمیشن کے مطابق ویزا درخواست بدستور آن لائن جمع کرائی جائے گی، جبکہ بائیومیٹرکس کے لیے درخواست گزار کو ویزا سینٹر جانا ہوگا۔ کامیاب درخواست گزاروں کو امیگریشن اسٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق ای میل کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بائیومیٹرکس مکمل ہونے کے بعد پاسپورٹ واپس لینے کے لیے ویزا سینٹر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ای ویزا نظام کے تحت دستاویزات کے ضائع یا خراب ہونے کے خدشات بھی کم ہو جائیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ درخواست گزار شیئر کوڈ کے ذریعے اپنی ویزا حیثیت ثابت کر سکیں گے۔ تاہم ویزا پراسیسنگ کے وقت، اہلیت کے معیار اور دیگر شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
حکام کے مطابق یہ اقدام ویزا نظام کو جدید اور سہل بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔