موسیقی کے عالمی مقابلے میں اسرائیل کی شرکت پر اسپین، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور سلووینیا نے احتجاجاً مقابلے سے دست برداری کا علان کرد یا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل کو یورو ویژن 2026 میں شرکت کی اجازت دے دی گئی، یورپی براڈکاسٹنگ یونین نے یورو ویژن میں اسرائیل کی شرکت پر ووٹنگ نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسپین، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور سلووینیا کا ماننا ہے کہ اسرائیل فلسطین میں نسل کشی اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔
اسرائیل کی شرکت کے مخالفین اس کی غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف “نسل کشی کی جنگ” کی وجہ سے تنقید کر رہے ہیں، جس میں اب تک کم از کم 70,125 افراد شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کی شمولیت کے جواب میں ڈچ براڈکاسٹر نے کہا کہ “موجودہ حالات میں شرکت کو ہماری تنظیم کے بنیادی عوامی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ نہیں کیا جا سکتا”۔
آئرلینڈ بھی یوروویژن 2026 میں حصہ نہیں لے گا۔ آئرلینڈ کے براڈکاسٹر نے “غزہ میں جانیں ضائع ہونے اور انسانی بحران کی بھیانک صورتحال” کو بائیکاٹ کی وجہ قرار دیا۔
اس کے علاوہ یورو وذن میں سلووینیا بھی شامل نہیں ہوگا۔ اس کے قومی براڈکاسٹر نے کہا کہ یہ فیصلہ “غزہ میں شہید ہونے والے 20,000 بچوں کی یاد میں” کیا گیا ہے۔
اسی طرح اسپین کے سرکاری براڈکاسٹر نے بھی اعلان کیا کہ وہ ویانا میں ہونے والے اس مقابلے کے 70ویں ایڈیشن میں شرکت نہیں کرے گا۔