آئرلینڈ میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی فلائٹ کے قریب پانچ مشکوک ڈرونز کی پرواز کے بعد سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ یہ واقعہ ڈبلن کے شمال مشرق میں ایئرپورٹ سے تقریباً 20 کلومیٹر فاصلے پر پیش آیا، جہاں زیلنسکی ریاستی دورے کے لیے پہنچ رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق ڈرونز اس مقام تک پہنچے جہاں صدر کا طیارہ گزرنے والا تھا، تاہم طیارہ پہلے ہی لینڈ کر چکا تھا، جس کی وجہ سے کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہوا۔
آئرش اور یوکرینی حکام نے واقعے کی تصدیق کی اور فوری تحقیقات کا آغاز کیا کہ یہ ڈرونز زمین سے یا کسی نامعلوم بحری جہاز سے اڑائے گئے تھے۔
آئرلینڈ کی پولیس کی قیادت میں حفاظتی آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب عالمی سطح پر یوکرین جنگ سے متعلق سفارتی رابطے تیز ہیں، اور روس نے ڈونباس علاقوں سے یوکرینی فوج کی دستبرداری کا مطالبہ دوبارہ دہرایا ہے۔
یہ بیان اُن کی بھارت میں ملاقاتوں کے دوران سامنے آیا۔ پیوٹن نے امریکی اور یورپی ثالثی کوششوں کو مشکل مگر ضروری قرار دیا، تاہم بعض تجاویز کو ناقابل قبول بھی کہا۔
آئرلینڈ میں زیلنسکی کے طیارے کے قریب ڈرونز کی موجودگی نے سیکیورٹی اداروں کو چوکس کر دیا ہے، جبکہ عالمی سیاسی منظرنامے میں یوکرین تنازع کے حل کے لیے ڈرامائی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
ڈرون واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے تک اس کے پسِ پردہ مقاصد اور ممکنہ خطرات سے متعلق سوالات بدستور برقرار رہیں گے۔