بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کے حوالے سے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم رہنے کا اعلان کر دیا۔
بی سی بی نے واضح کیا ہے کہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اور ملک کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بھارت کے علاوہ کسی بھی ملک میں میچز کھیلنا ممکن ہے۔
بی سی بی کے اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل نے کہا کہ سری لنکا، پاکستان یا متحدہ عرب امارات میں میچز پر کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ کولکتا یا بھارت کا کوئی بھی حصہ سیکیورٹی خدشات کے باعث قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھارت کے دباؤ میں نہیں آنا چاہیے۔ بلکہ ایک عالمی تنظیم ہونے کا ثبوت دینا چاہیے۔
آصف نذرل نے کہا کہ کرکٹ کسی ایک ملک کی جاگیر نہیں۔ اور آئی سی سی بنگلا دیش کے سیکیورٹی خدشات کو مکمل طور پر سمجھنے میں ناکام رہا ہے۔
بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے کہا کہ آئی سی سی کو تمام ثبوت اور ضروری دستاویزات فراہم کر دی گئی ہیں۔ تاہم ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش حکومت کی ہدایت کے مطابق بی سی بی اپنے تحفظات کے حوالے سے اپنا مؤقف برقرار رکھے گا۔ اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔