برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز رویوں کو سختی سے قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات کی برطانوی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔ ہاؤس آف کامنز میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نسل پرستی اور اسلاموفوبیا کے سدباب کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
سر کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی ایک مکروہ عمل ہے، اس کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنا ضروری ہے اور اس طرزِ عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت مساجد اور مسلم اسکولوں کی حفاظت کے لیے فنڈز میں اضافہ کر رہی ہے، تاکہ نفرت انگیز واقعات کی بہتر نگرانی کے ساتھ متاثرہ افراد کی مدد بھی ممکن ہو سکے۔