اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطینی ریاست کی مخالفت جاری رکھنے کا عندیہ دے دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، اسرائیلی انتہا پسند وزرا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی حمایت میں پیش کی جانے والی قرارداد پر تحفظات کا اظہار کیا۔
کابینہ اجلاس کے دوران، نیتن یاہو نے دائیں بازو کے وزرا کو یقین دلایا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف مؤقف برقرار رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بیرونی اور اندرونی دباؤ کے باوجود، فلسطینی ریاست کے خلاف موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور دہائیوں سے جاری مخالفت مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
حماس کے حوالے سے نیتن یاہو نے کہا کہ چاہے راستہ آسان ہو یا مشکل، ہر صورت میں حماس کو غیر مسلح بنایا جائے گا۔
دوسری جانب سلامتی کونسل میں صدر ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی حمایت میں امریکا اور مسلم ممالک کی قرارداد پر ووٹنگ آج ہو گی۔