اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ برقرار ہے، اور تازہ فضائی کارروائیوں میں مزید 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔ اتوار کے روز جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مشرقی علاقوں پر اسرائیلی بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اس کے ساتھ ساتھ غزہ شہر کے زیتون محلے اور رفح کے قریبی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
جنگ بندی 10 اکتوبر کو نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی فورسز 274 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہیں، جبکہ 1500 کے قریب عمارتیں بھی تباہ ہو چکی ہیں۔
اسی دوران مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طوباس میں بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوا۔
ادھر اقوام متحدہ کی امن فورس نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی ٹینک نے ان کے عملے پر فائرنگ کی۔
اسرائیلی فوج نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسم کے باعث اہلکاروں کو غلطی سے مشتبہ سمجھا گیا۔
دوسری طرف اسرائیلی حکومت نے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں کی تحقیقات کیلئے آزاد تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ اسرائیلی عوام نیتن یاہو حکومت سے 7 اکتوبر حملوں کی تحقیقات کے لیے ریاستی کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 2 سالہ جنگ میں اسرائیلی حملوں69 ہزار 400 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔