طرابلس، لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی ایک کشتی الٹنے سے 42 افراد لاپتہ ہوگئے جبکہ 7 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
خبرایجنسی کے مطابق کشتی میں مجموعی طور پر 49 افراد سوار تھے جو غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کررہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چھ روز قبل پیش آیا جب کشتی نے مغربی لیبیا کے ساحلی شہر زوارہ سے سفر شروع کیا، دورانِ سفر موسم کی خرابی اوراونچی لہروں کے باعث کشتی الٹ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق بچائے گئے افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے،لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سمندری اور فضائی آپریشن جاری ہے، تاہم امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) کے مطابق اس سال اب تک بحرِ روم عبور کرنے کی کوشش میں سیکڑوں افراد جان سے جا چکے ہیں۔
ماہرین نے ایسے واقعات کے تدارک کے لیے محفوظ اور قانونی راستوں کے قیام پر زور دیا ہے تاکہ انسانی اسمگلنگ کے خطرناک نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جا سکے۔