سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے عرب اسلامی وزارتی اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر قبضے کے اعلان کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیلی اعلان خطرناک، ناقابل قبول اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور یہ اقدام غیر قانونی قبضے کو زبردستی مسلط کرنے کی کوشش اور غزہ میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا تسلسل ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسرائیلی اقدامات امن کے تمام مواقع کو ختم کر رہے ہیں، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں بھی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیلی جارحیت کا فوری اور مکمل خاتمہ کیا جائے اور غزہ میں فوری، غیر مشروط انسانی امداد کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔
اسرائیل کو ریلیف ایجنسیوں اور تنظیموں کو آزادانہ طور پر کام کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں شریک ممالک نے غزہ میں کشیدگی کم کرنے اور جارحیت روکنے کے لیے مصر، قطر اور امریکا کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔