امریکا کی دھمکیوں پر روس نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اب بھی اپنی گرتی ہوئی عالمی اجارہ داری تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ دنیا ایک نئے ملٹی پولر ورلڈ آرڈر کی جانب بڑھ چکی ہے، امریکا کی بالا دستی ماضی کا قصہ بن گئی ہے۔
روس کی ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ”امریکا کو یہ حقیقت ہضم نہیں ہو رہی کہ عالمی طاقت کا توازن تبدیل ہو چکا ہے۔
اس کی اجارہ داری کا دور ختم ہو چکا ہے، لیکن وہ اب بھی دھمکیوں، تجارتی پابندیوں اور ٹیرف جنگوں کے ذریعے دنیا کو قابو میں رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
روسی ترجمان نے کہا کہ امریکی رویہ خودغرضانہ اور غیرحقیقت پسندانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”یہ تصور کہ واشنگٹن دنیا کو اپنی مرضی سے چلا سکتا ہے، اب ناکام ہو چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں طاقت کے متعدد مراکز ہیں اور فیصلہ سازی مشترکہ مفادات کی بنیاد پر ہوتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا یہی سمجھتا ہے کہ وہ ٹیرف یا معاشی دھونس کے ذریعے دنیا پر اپنی مرضی مسلط کر لے گا، تو یہ اس کی سب سے بڑی بھول ہے۔