بھارتی ریاست کیرالہ میں صبح سویرے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 56 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیرالہ کی ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ہمیں مختلف ہسپتالوں میں 24 لاشیں موصول ہوئی ہیں اور کئی زخمیوں کو بھی ہسپتال لایا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ انہوں نے کیرالہ حکومت کو صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایک پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ میری دعا زخمیوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔
ریاست کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ منگل کو کیرالہ میں مزید بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی، جنہوں نے حال ہی میں پارلیمنٹ میں وایناڈ کی نمائندگی کی تھی نے کہا کہ وہ سخت غمزدہ ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے امید ہے کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو جلد ریسکیو کر لیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کو وایناڈ ضلع کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، امدادی کارروائیاں جاری ہیں لیکن شدید بارشوں اور ایک اہم پل کے گرنے کی وجہ سے عملے کو شدید مشکلات کا سامان کرنا پڑ رہا ہے۔
ریاستی وزیر اے کے سسیندرن نے میڈیا کو بتایا کہ ہم چند گھنٹوں کے بعد ہی نقصان کی حد کا اندازہ لگا سکیں گے۔
اے کے سسیندرن نے کہا کہ مقامی ہسپتال میں کم از کم 66 زخمی زیر علاج ہیں، لینڈ سلائیڈنگ میں لاپتا ہونے والوں میں ہسپتال کا عملہ بھی شامل ہے۔
اے کے سسیندرن نے یہ بھی کہا کہ فوج اور فضائیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ پھنسے ہوئے خاندانوں کو ہوائی جہاز سے نکالیں اور ایک عارضی پل بھی تعمیر کریں۔
موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر وائناڈ ضلع اور آس پاس کے علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے، ریاست کے 14 میں سے 10 اضلاع میں اسکول اور کالج بھی بند کردیے گئے ہیں۔
ضلع کے کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جن میں منڈکئی، اٹامالا، چورلمالا اور کنہوم شامل ہیں۔