ترک پارلیمنٹ کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکار زخمی

ترک پارلیمنٹ کے قریب دھماکا فائل فوٹو ترک پارلیمنٹ کے قریب دھماکا

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کے قریب ہونے والے ایک ’دہشت گردانہ حملے‘ میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ترک وزارت داخلہ نے دہشت گرد حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے قریب ہونے والا دھماکا ایک ’دہشت گردانہ حملہ‘ تھا جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ دو دہشت گرد فوجی گاڑی میں صبح 9 بج کر 30 منٹ کے قریب ہماری وزارت داخلہ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کے داخلی دروازے کے سامنے پہنچے اور بم حملہ کیا۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک حملہ آور نے وزارت کی عمارت کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اور دوسرے حملہ آور کو ’غیر موثر‘ کردیا گیا۔

وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ اس حملے میں دو پولیس اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ترک دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ اور وزارتی عمارتوں کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔

ترک میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں جب کہ ایمرجنسی سروسز جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔

install suchtv android app on google app store