چوہوں کا ملزم کو سر پرائز، رہائی دلوا دی

چوہے فائل فوٹو چوہے

بھارت میں چوہوں نے 200 کلو چرس کھا کر گرفتار ملزم کو رہائی دلوا دی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جھارکھنڈ کی عدالت نے منشیات اسمگلنگ کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو بری کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے ثبوت اکٹھے کرنے میں ناکامی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

مقدمہ 2022 میں درج کیا گیا تھا جب جھارکھنڈ پولیس نے شاہراہ پر گاڑی کو روک کر اس میں بھاری مقدار میں چھپائی گئی چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس مقدمے کی سماعت کے دوران افسران نے عدالت کو بتایا کہ منشیات کو بطور ثبوت پیش نہیں کیا جا سکتا کیونکہ انہیں گودام میں چوہوں نے مبینہ طور پر خراب کر دیا ہے۔

عدالت نے مقدمے کی بنیادی تفصیلات میں متعدد تضادات پائے جیسے کہ مقام اور گرفتاری کا وقت، ملزم کو کس نے پکڑا اور دوسرے مبینہ ساتھی کیسے فرار ہوئے؟ یہ تمام نکات مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بھی سامنے آئے تھے۔

عدالت نے مزید کہا کہ کسی بھی آزاد شہری کو گواہی کے لیے پیش نہیں کیا گیا حالانکہ ملزم کو ایک مصروف شاہراہ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے اطراف میں بہت سے رہائشی علاقے موجود ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مرکزی ملزم کو تمام الزامات سے بری کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی مادی ثبوت باقی نہیں رہا تو شک کا فائدہ ملزم کو ملنا چاہیے۔

install suchtv android app on google app store