مک بھر میں آج پھر بارش، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ 21 مارچ تک جاری رہےگا، خیبرپختونخوا میں بارش، چند مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری ہوگی۔

اسلام آباد کے آسمان پر تیرتے بادل آج برسیں گے،شہر اقتدار میں 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگی ہیں۔ حیدرآباد، دادو، جیکب آباد، نوشہرو فیروز میں بھی بادل برسیں گے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جز وی ابرآلود رہےگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 21 مارچ تک بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

چترال ،دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، بٹگرام میں بھی بارش کا امکان ہے، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ اورکزئی، کرم، مردان، پشاور، صوابی ،چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، لکی مروت، کرک اورڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد، دادو، جیکب آباد، نوشہرو فیروز میں بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی، اورگرج چمک کے ساتھ جم کر بادل برسیں گے، شہر میں آج کہیں تیز اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 55.6 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

بارش کے بعد رات میں خنکی محسوس کی گئی، کراچی کا مطلع اس وقت ابر آلود جبکہ موسم خنک اور خوشگوارہے۔

آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے،اس وقت نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔

لاہور میں بھی رات گئے بارش کے بعد خنکی بڑھ گئی ہے اورلاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش ہوگی، لاہور میں درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں آج دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے۔

۔تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہےجبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

عید کے پہلے دن بھی ہلکی بارش کی توقع ہے، محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیاہے کہ 24 سے27 مارچ کےدوران بھی مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں بارش کا سبب بن سکتاہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر میں کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کے باعث مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہو ئی، کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

install suchtv android app on google app store