مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار، سردی لوٹ آئی

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش اور بوندا باندی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی آئی۔

شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود رہے گا اور مزید بارش کا امکان موجود ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مزید بارش متوقع ہے، جبکہ درجہ حرارت میں کمی کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ادھر کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شہر کا موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 23.2 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ شمال مشرق سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، شہر میں فضائی آلودگی کی سطح بھی مضر صحت ریکارڈ کی گئی ہے۔

جہاں آلودہ ذرات کی مقدار 157 پارٹیکیولیٹ میٹرز سے تجاوز کر گئی۔

قلات اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور موسم ایک بار پھر ٹھنڈا ہوگیا۔

اسی طرح باڑہ، جمرود اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، ہلکی بارش کے بعد شہریوں نے موسم کی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا۔

کاشتکاروں کے مطابق حالیہ بارشیں گندم سمیت دیگر فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہی ہیں، جبکہ خوبانی، اخروٹ اور آلو بخارہ جیسے میوہ دار درخت بھی سرسبز ہونے لگے ہیں۔

تاہم بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

install suchtv android app on google app store