محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے اہم پیش گوئی کردی۔ لاہور میں افق پر بادلوں کا راج ہے، سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے خنکی برقرار اور درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 اور کم سے کم 13 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
ہوامیں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اورپانچ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اورآئندہ چند روز تک مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
شہر قائد میں بارش کا حالیہ اسپیل اختتام پذیر ہوگیا اور محکمہ موسمیات کے مطابق 21سے 23مارچ کے دوران بارش کا ایک اور اسپیل آنے کا امکان ہے۔
دوسری طرف پی ڈی ایم اے سندھ نے بارشوں سے نقصانات پر رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق کراچی میں مختلف حادثات کے دوران 20 افراد جاں بحق اور31 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شا ہ کے مطابق کیماڑی میں 13، ملیر میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ کراچی ایسٹ، کراچی ویسٹ اور کراچی ساؤتھ میں بھی ایک،ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
ملیر میں 6 اور کورنگی میں 3افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کے مطابق صوبے بھر میں 79 گھروں کوبھی بارشوں سے نقصان پہنچاہے۔