چیٹ جی پی ٹی کا وہ فیچر مفت دستیاب جسے پہلے ماہانہ فیس ادا کرکے ہی استعمال کیا جاسکتا تھا اوپن اے آئی نے چیٹ جی ٹی کا ایک فیچر مفت صارفین کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ پراجیکٹس نامی یہ فیچر پہلے اس آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ کو ماہانہ فیس دے کر استعمال کرنے والے افراد کو ہی دستیاب تھا۔
یہ فیچر اے آئی اسسٹنٹ سے کسی مخصوص موضوع پر چیٹ کو آرگنائز کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ فیچر چیٹ جی پی ٹی صارفین کے لیے بہت زیادہ کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ ویسے تو اکثر یہ چیٹ جی پی ٹی کی بات چیت کے فولڈرز کو ہائی لائٹ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ مگر آپ اسے اے آئی کے ردعمل کے حوالے سے کاسٹیوم ہدایات کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں یا ریفرنس والی فائلز اور انفارمیشن کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے مطابق کسی پراجیکٹ میں ریفرنس کے لیے فائلز کی تعداد کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ مفت صارفین 5، پلس سبسکرائبرز 25 اور پرو سبسکرائبرز 40 فائلز اپ لوڈ کرسکیں گے۔ آپ چیٹ جی پی ٹی میں اپنے پراجیکٹ کو کلر اور آئیکون سے کسٹمائز بھی کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ اوپن اے آئی کی جانب سے زیادہ تر فیچرز پہلے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرائے جاتے ہیں۔ بعد ازاں ان فیچرز کو مفت صارفین کے لیے پیش کیا جاتا ہے، جن کو کچھ پابندیوں کے ساتھ فیچرز استعمال کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
مثال کے طور پر ڈیپ ریسرچ اور چیٹ جی پی ٹی وائس کو پہلے ماہانہ فیس ادا کرنے والوں کے لیے متعارف کرایا گیا اور اب وہ تمام افراد کو دستیاب ہیں۔ حال ہی میں اوپن اے آئی جی پی ٹی 5 ماڈل کو تمام افراد کے لیے متعارف کرایا تھا، البتہ مفت صارفین کے لیے کچھ حدود طے کی گئی ہیں۔ پراجیکٹس فیچر چیٹ جی پی ٹی کے ویب ورژن اور اینڈرائیڈ ایپ پر صارفین کو دستیاب ہے جبکہ آئی او ایس ایپ کے صارفین کو یہ آئندہ چند روز میں دستیاب ہوگا۔