واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کیلئے دلچسپ فیچرکا اضافہ

واٹس ایپ فائل فوٹو واٹس ایپ

واٹس ایپ میں صارفین کے لیے ایک دلچسپ فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں ایموجیز ری ایکشنز کے فیچر کو زیادہ بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین اپنی پسند کے ایموجیز کے ذریعے چیٹس پر ردعمل ظاہر کرسکیں۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ میں ایموجیز ری ایکشن کا فیچر مئی 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

مگر اب واٹس ایپ کے نئے اینڈرائیڈ بیٹا (beta) ورژن میں اس کا نیا ورژن پیش کیا گیا ہے تاکہ چیٹس کو زیادہ پرلطف بنایا جاسکے۔

Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے ایموجیز ری ایکشنز لسٹ میں سرفہرست ہوں گے۔

اس طرح صارفین کے لیے چیٹس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان ایموجیز کو استعمال کرنا آسان ہو جائے گا۔ اب تک ایموجیز ری ایکشنز میں صرف 7 ایموجیز صارفین کو دستیاب ہوتے ہیں۔

مگر اس نئی تبدیلی کے بعد وہ ایموجیز لسٹ میں خودکار طور پر نظر آئیں گے جو آپ چیٹس کے دوران زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ مزید ایموجیز کا آپشن بھی بدستور دستیاب ہوگا اور انہیں سرچ کرنا ہوگا۔

انسٹا گرام، ٹیلی گرام اور فیس بک میسنجر جیسی ایپس میں اس طرح کا فیچر پہلے سے دستیاب ہے اور صارفین میں کافی مقبول ہے۔ اب واٹس ایپ کو بھی ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسا بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین کے لیے اپنے جذبات کا ظہار کرنا آسان ہو جائے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا، یہ کہنا ابھی مشکل ہے۔

install suchtv android app on google app store