ٹوئٹر صارفین پر نئی پابندی

ٹوئٹر صارفین پر نئی پابندی فائل فوٹو ٹوئٹر صارفین پر نئی پابندی

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے صارفین پر نئی پابندی عائد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کسی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا لنک شیئر کرنے پر اکاؤنٹ ہٹا دیا جائے گا۔ ایلون مسک نے اپنے متعلق رائے جاننے کیلئے ایک نیا پول بھی کروادیا۔

ٹوئٹر نے جاری کئے گئے بیان میں واضح کیا ہے کہ کسی بھی تیسری پارٹی کی سوشل میڈیا ویب سائٹ کا لنک شیئر کرنے پر نا صرف ٹویٹ بلکہ اکاؤنٹ بھی ہٹادیا جائے گا۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ٹوئٹر صارفین کو انسٹاگرام یا دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا یوزر نیم بھی شیئر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ٹوئٹر کی اس نئی پالیسی کے بعد کوئی بھی صارف ٹویٹ میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا لنک اور نہ ہی یوزر نیم شیئر کرسکے گا۔

ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے اس نئی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے صرف ایک لفظ لکھا ’کیوں؟‘

نئی پالیسی کے اعلان کے بعد ٹوئٹر کے مالک اور ارب پتی شخص ایلون مسک نے صارفین کی رائے جاننے کیلئے ایک پول بھی کروایا ہے کہ ’کیا مجھے بطور ٹوئٹر سربراہ برطرف ہو جانا چاہئے؟‘۔ ایلون مسک نے لکھا کہ وہ اس پول کے نتائج پر مکمل عمل کریں گے۔

گزشتہ ہفتے ٹوئٹر نے ایلون مسک پر رپورٹ کرنیوالے صحافیوں کے اکاؤنٹ بھی معطل کئے تھے، جن میں امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ، ٹیلی ویژن چینل سی این این اور دیگر میڈیا گروپس سے وابستہ صحافی شامل ہیں، تاہم شدید تنقید کے بعد یہ اکاؤنٹس بحال کر دیئے گئے تھے۔

install suchtv android app on google app store