ٹوئٹرسے بلاک کے آپشن کو ختم کرنے کا فیصلہ

ٹوئٹر اور ایکس فائل فوٹو ٹوئٹر اور ایکس

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) کے صارفین اب اپنے ناپسندیدہ اکاؤنٹس کو بلاک نہیں کر سکیں گے۔ 

معروف کاروباری شخصیت، SpaceX کے بانی، سوشل میڈیا ایپلکیشن ایکس کے مالک، ٹیسلا کمپنی کے سی ای او اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر ایلون مسک نے اپنی اس ملکیت، ایپلیکشن سے متعلق ایک اور متنازع اقدام کا اعلان کیا ہے۔

ایلون مسک کی جانب سے گزشتہ روز کی جانے والی ایک ٹوئٹ کے مطابق اب ایکس پلیٹ فارم کے صارفین دیگر اکاؤنٹس کو بلاک نہیں کر سکیں گے۔ ایلون مسک کے مطابق ایکس ایپلیکیشن سے بلاک کا فیچر ختم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک مختصر ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ’بلاک کو فیچر کے طور پر ختم کیا جا رہا ہے تاہم میسجز (DM) میں بلاک فیچر کو ختم نہیں کیا جائے گا۔‘

ایلون مسک کے مطابق ایکس پلیٹ فارم پر میوٹ فنکشن برقرار رہے گا۔ واضح رہے کہ ایلون مسک نے بلاک فیچر کو ختم کرنے کی کوئی وجہ یا وقت نہیں بتایا ہے۔

دوسری جانب ایک غیر ملکی سماجی کارکن، مونیکا لیونسکی نے ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک سے کہا ہے کہ ’بلاک فیچر کو ہٹانا کے اقدام پر دوبارہ ریویو کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ صارفین کی حفاظت کے لیے اہم فیچر ہے۔‘

جس پر ایکس کی چیف ایگزیکٹو لنڈا یاکارینو نے ایلون مسک کے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ ایکس کے تمام صارفین کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم بلاک اور میوٹ کرنے کے فیچر سے مزید بہتر فیچر بناتے رہے ہیں۔‘

install suchtv android app on google app store