سام سنگ کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرے والا فون گلیکسی زی فولڈ 3

سام سنگ کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرے والا فون گلیکسی زی فولڈ 3 فائل فوٹو سام سنگ کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرے والا فون گلیکسی زی فولڈ 3
سام سنگ نے اپنا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرے والا فون گلیکسی زی فولڈ 3 متعارف کرا دیا ہے۔
کمپنی کے ورچوئل ایونٹ کے دوران سام سنگ کے نئے فولڈ ایبل فون کو پیش کیا گیا جس کے ساتھ ایس پین سپورٹ موجود ہے جبکہ یہ واٹر ریزیزٹنس فون ہے۔ گلیکسی زی فولڈ 3 کی اندرونی اسکرین 7.6 انچ ڈائنامک امولیڈ 2x ڈسپلے سے لیس ہے جس میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ موجود ہے۔ اسی اسکرین میں سام سنگ نے کیمرا ڈسپلے کے اندر نصب کیا ہے جو 4 میگا پکسل کا ہے مگر اس میں بڑے 2.0µm پکسلز دیئے گئے ہیں۔ اس کیمرے کو صارف زیادہ تر ویڈیو کالز کے لیے ہی استعمال کرسکیں گے کیونکہ باہری اسکرین میں ایک اور 10 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔ اور ہاں فون کے بیک کیمرے کو بھی سیلفیز لینے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ فون کی باہری اسکرین 6.2 انچ کی ہے جس کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس وکٹس کو استعمال کیا گیا ہے اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ موجود ہے۔ فون کے اندر اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ون یو آئی اوور لے سے کیا ہے. گلیکسی زی فولڈ 3 میں 12 جی بی ریم اور 256 سے 512 جی بی یو ایف ایس 3.1 اسٹوریج کے آپشن صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ گلیکسی زی فولڈ 3 میں 4400 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جس کے ساتھ 25 واٹ وائرڈ اور 11 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جبکہ یہ فون ریورس وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ انڈر ڈسپلے کیمرے کے ساتھ فون کی سب سے بڑی تبدیلی ایس پین سپورٹ ہے، جس ک لیے کمپنی نے ایس پین پرو کے ساتھ ایس پین فولڈ ایڈیشن کو بھی متعارف کرایا ہے۔ فولڈ 3 میں ایس پین رکھنے کے لیے کوئی سلاٹ نہیں اور اس کے لیے ایک خصوصی کیس کی ضرورت ہوگی۔ سام سنگ نے گلیکسی فولڈ میں ملٹی ٹاسکنگ فیچرز اور یوزر انٹرفیس کو بہتر کیا ہے، تاکہ ڈیوائس کی اسکرینز میں متعدد ایپس میں آسانی سے تقسیم کیا جاسکے اور بیک وقت استعمال کیا جاسکے۔ گلیکسی زی فولڈ 3 میں بیک کیمرا سیٹ اپپ گزشتہ سال کے گلیکسی زی فولڈ جیسا ہی ہے۔ فون کا مین کیمرا 12 میگا پکسل کا ہے جس میں ایف 1.8 آپرچر اور 1/1.76 لینس دیا گیا ہے، جس کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرے (2 ایکس آپٹیکل زوم) موجود ہیں۔ مین کیمرے میں ڈوئل پکسل اے ایف اور او آئی ایس موجود ہے جبکہ ٹیلی فوٹو کیمرے میں بھی او آئی ایس فیچر دیا گیا ہے۔ گلیکسی زی فولڈ 3 فینٹوم بلیک، فینٹوم گرین اور فینٹوم سلور رنگوں میں دستیاب ہوگا جس کی قیمت 1799 ڈالرز (2 لاکھ 94 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی اور یہ 26 اگست سے مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا۔ خیال رہے کہ یہ قیمت گزشتہ سال کے گلیکسی زی فولڈ 2 کی تعارفی قیمت سے 200 ڈالرز کم ہے۔
install suchtv android app on google app store