پی ایس ایل: کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے 26ویں میچ میں کراچی کنگز کے بابر اعظم اور شرجیل خان نے 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور کے باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور گراؤنڈ کے چاروں جانب شاٹ کھیلتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے ہی اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔

کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف اننگز کے 17ویں اوور میں حاصل کیا۔

شرجیل خان نے 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 74 رنز جبکہ بابر اعظم نے ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 46 گیندوں میں 69 رنز بنائے۔

قبل ازیں کراچی کی دعوت پر لاہور نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کے اوپنرز فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے 49 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد فخر زمان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کرس لِن نے سہیل اختر کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 72 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی 5 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

لاہور کے جارح مزاج بلے باز بین ڈَنک بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 9 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سہیل اختر نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے شاندار 68 رنز اسکور کیے جس کے بعد ارشد اقبال نے انہیں ایل بھی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

لاہور کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑے سَمیت پٹیل تھے جو 133 کے مجموعے پر 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

جارح مزاج بلے بازوں کے وقفے وقفے سے آؤٹ ہونے کے باعث لاہور زیادہ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔

محمد حفیظ 35 اور ڈیوڈ ویزے 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور نے کامیابی حاصل کی تھی۔

کراچی کی جانب سے عمید آصف اور ارشد اقبال نے 2، 2 جبکہ کرس جورڈن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز کو چار میچز میں مسلسل کامیابی کے بعد شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔

 

install suchtv android app on google app store