بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے بائیکاٹ پر نظرِ ثانی کی اپیل کر دی، حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد متوقع ہے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے متعلق جاری تنازع میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں بی سی بی نے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ بھارت کے خلاف شیڈول میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے۔
اطلاعات کے مطابق بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ پاکستان کے مؤقف اور بنگلا دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کو سراہتے ہیں، تاہم عالمی کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں اس فیصلے پر نظرِ ثانی ضروری ہے۔ ملاقات میں آئی سی سی کے نائب چیئرمین عمران خواجہ بھی موجود تھے۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا تھا جب بنگلا دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی تھی، جسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مسترد کر دیا تھا۔ بعد ازاں آئی سی سی کے فیصلے کے تحت بنگلا دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر کے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا۔
پاکستان نے اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا اور سرکاری طور پر اعلان کیا کہ وہ 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول گروپ میچ نہیں کھیلے گا، تاہم ٹورنامنٹ کے دیگر میچز میں شرکت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈز نے بھی پاکستان سے اس فیصلے پر نظرِ ثانی کی اپیل کی ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز مکمل ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق معاملہ تاحال زیرِ غور ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان حتمی مشاورت کے بعد بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کو برقرار رکھنے یا ختم کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔