پاکستان میں سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے قانون مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا،وزارت داخلہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سوشل میڈیا پر بچوں کے استحصال اورفحاشی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظرقانون مزید سخت کرنے پر غورکیا جا رہا ہے،سوشل میڈیا کے استعمال کے لیےعمرکی حد مقرر کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
ذرائع کےمطابق فیملی وی لاگنگ کے نام پر فحاشی کے تدارک کے لیےبھی مختلف تجاویز شامل کی گئی ہیں،کئی ممالک کی طرز پر بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ میں ہونےوالےاجلاس میں مشاورت کے بعد حتمی فیصلے کیےجائیں گے،اجلاس میں پی ٹی اے، این سی سی آئی اے،وفاقی اور صوبائی پولیس حکام شریک ہوں گے۔
اجلاس میں بچوں کے استحصال اورفحاشی سے متعلق کیسزکا جائزہ پیش کیاجائےگا،آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کی سوشل میڈیا پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔