پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل کے گورننگ کونسل اجلاس میں کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کی بھرپور وکالت کردی۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل اجلاس میں چیئرمین نے ٹیم مالکان کو کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں ٹیموں کی مارکیٹ ویلیو بڑھنے کے بعد اب کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بھی اضافہ ہو۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں محسن نقوی نے ٹیموں کی طرح کھلاڑیوں کی بھی آکشن کی تجویز دی اور کہا کہ پی ایس ایل 11 کے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کی آکشن کرا لیں اور اپنی مرضی سے پلیئرز اٹھا لیں جس سے کھلاڑیوں کا فائدہ ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ محسن نقوی نے دو نئی ٹیموں کو کھلاڑی چننے کے لیے یکساں مواقع دینے پر زور دیا ہے، ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں پرانی ٹیموں کی جانب سے کھلاڑیوں کی ری ٹینشن پر بحث کا امکان ہے۔
گزشتہ روز محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں 8 فرنچائز، پی سی بی اور پی ایس ایل حکام نے شرکت کی جس میں پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے مالکان کو خوش آمدید کہا گیا اور نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی پر محسن نقوی اور پی ایس ایل ٹیمز کو مبارکباد دی گئی۔