انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان کا پہلا مقابلہ کس ٹیم سے ہو گا؟

ایشین چیمپئن پاکستان انڈر 19 ٹیم آج آئی سی سی مینز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی فائل فوٹو ایشین چیمپئن پاکستان انڈر 19 ٹیم آج آئی سی سی مینز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی

ایشین چیمپئن پاکستان انڈر 19 ٹیم آج آئی سی سی مینز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔ یہ میچ ہرارے کے تکاشنگا اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ٹیم حال ہی میں دبئی میں ہونے والا اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر جیت چکی ہے، جبکہ زمبابوے میں کھیلی گئی سہ فریقی سیریز میں میزبان ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

قومی ٹیم ان فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی تیسری ٹرافی جیتنے کے عزم کے ساتھ ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہے۔

پاکستان اس سے قبل 2004 اور 2006 میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے اور اب تیسری بار عالمی اعزاز حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔

آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ 15 جنوری سے 6 فروری تک نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔ 16 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ ’سی‘ میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف جبکہ آخری گروپ میچ 22 جنوری کو میزبان زمبابوے کے خلاف اسی میدان پر کھیلے گا۔

ایونٹ کا سپر سکس مرحلہ 24 جنوری سے یکم فروری تک بولاوایو اور ہرارے میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد سرفہرست چار ٹیمیں 3 اور 4 فروری کو سیمی فائنلز کھیلیں گی۔

ٹورنامنٹ کا فائنل 6 فروری بروز جمعہ ہرارے اسپورٹس کلب میں ہوگا۔

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم نے بھرپور تیاری کی۔ بنگلہ دیش کے خلاف پہلا وارم اپ میچ بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا، جبکہ دوسرے وارم اپ میچ میں پاکستان نے امریکا کو 69 رنز سے شکست دی۔

15 رکنی اسکواڈ میں صرف علی رضا وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2024 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں لگنے والا کیمپ ایشیا کپ اور سہ فریقی سیریز میں کامیابی کا سبب بنا۔

انہوں نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف گزشتہ چھ ماہ سے ٹیم کے ساتھ کام کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی موجود ہے اور وارم اپ میچز نے زمبابوے کی کنڈیشنز کو سمجھنے میں مدد دی، جس کے بعد ٹیم ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پُرامید ہے۔

پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ:

فرحان یوسف (کپتان)، عثمان خان (نائب کپتان)، عبدالصبحان، احمد حسین، علی حسن بلوچ، علی رضا، دانیال علی خان، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، حذیفہ احسن، مومن قمر، محمد سیام، محمد شایان (وکٹ کیپر)، نقاب شفیق، سمیر منہاس اور عمر زیب۔

پاکستان کے میچز:

16 جنوری: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ – تکاشنگا اسپورٹس کلب، ہرارے
19 جنوری: پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ – تکاشنگا اسپورٹس کلب، ہرارے
22 جنوری: زمبابوے بمقابلہ پاکستان – تکاشنگا اسپورٹس کلب، ہرارے

24 جنوری تا 1 فروری: سپر سکس مرحلہ
3 فروری: پہلا سیمی فائنل – کوئنز اسپورٹس کلب، بولاوایو
4 فروری: دوسرا سیمی فائنل – ہرارے اسپورٹس کلب
6 فروری: فائنل – ہرارے اسپورٹس کلب

 

install suchtv android app on google app store