پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کو مختلف کرکٹ لیگز کھیلنے کے لیے این او سی جاری کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، قومی کھلاڑی ابوظہبی میں ٹی 10 لیگ اور آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لینے کے لیے این او سی کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ابوظہبی کے لیے این او سی 25 نومبر تک جبکہ دبئی کی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لیے تین کرکٹرز کو 2 دسمبر سے 4 جنوری تک این او سی جاری کیا گیا ہے۔
دبئی کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑی فخر زمان، حسن نواز اور نسیم شاہ ہیں، جبکہ ابوظہبی کے لیے این او سی حاصل کرنے والے کرکٹرز میں افتخار احمد، خواجہ نافع، آصف علی، سلمان ارشاد، محمد عامر، عرفات منہاس، عرفان خان، اعظم خان شاہنواز دہانی، عباس آفریدی، عاکف جاوید، میر حمزہ، عبید شاہ اور زمان خان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، شاداب خان، حارث رؤف اور حسن علی کو پہلے ہی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے لیے این او سی جاری ہو چکا ہے۔