مسٹری اسپنر ابرار احمد نے سری لنکن آل راؤنڈر وانندو ہسارنگا کو آوٹ کرنے کے بعد ان کے ہی انداز کو اپناتے ہوئے سلیبیریشن کرڈالی، بعد میں کمنٹیٹرز اور شائقیین بھی منفرد انداز کو کاپی کرتے اور انجوائے کرتے دکھائی دئیے۔
ابو ظبی کے میدان میں ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ کے تیسرے مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میچ کے دوران کئی ایسے مواقع آئے جہاں فینز کی دل کی دھڑکنیں ٹھہر گئی تھی تاہم ابرار احمد اور ہسارنگا کے ایک دوسرے کے انداز میں جشن منانے نے سب کو محظوظ کیا۔
قومی اسپنر ابرار احمد نے سری لنکا کے اسپنر وانندو ہسارنگا کو جب 13ویں اوور میں آؤٹ کیا تو انہیں، انہی کے انداز میں میدان سے باہر جانے کا اشارہ کیا۔
پاکستان کی بیٹنگ آئی تو وانندو ہسارنگا نے بھی پاکستانی بیٹرز کیخلاف اپنے منفرد انداز اپنایا، اور ابرار احمد کی طرز پر جشن مناتے نظر آئے۔
کیمرے پر جب یہ مناظر قید ہوئے تو فینز ، کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز نے بھی ان لمحات کا خوب لطف اُٹھایا۔
سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر وقار یونس نے دوران کمنیٹری ہنستے ہوئے کہا کہ اگر میری 10 انگلیاں پوری ہوتیں تو میں بھی ہسارنگا کے انداز میں وکٹ لینے کے بعد جشن مناتا۔
دونوں کھلاڑیوں نے میچ کے بعد ایک دوسرے سے ملاقات بھی کی۔