پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈرشاہد آفریدی نے افغانستان میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر انتہائی افسوس ہے۔ شاہد خان آفریدی نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے اور بحالی کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ افغان ہلال احمر کے مطابق افغانستان میں زلزلے سے اموات کی تعداد ایک ہزار 124 ہو گئی۔
زلزلے کے باعث 3 ہزار 251 افراد زخمی ہوئے ، افغانستان میں 6 شدت کے زلزلے سے 8 ہزار مکان تباہ ہوئے۔ افغان میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز جلال آباد شہر میں 8 کلو میٹر زیر زمین تھا۔
زلزلے کے بعد پانچ آفٹر شاکس بھی آئے جن کی شدت 4.3 سے 5.2 کے درمیان تھی۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے افغان ادارے کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ کنڑ کے علاقوں میں ہوا، جہاں کئی گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی سینکڑوں لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں, امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔