ذرائع کے مطابق قومی اسکواڈ دودستوں کی صورت میں امریکی شہر میامی پہنچا جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔
امریکا پہنچنے والے قومی اسکواڈ کے دوسرے دستے میں فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف، وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث، حسین طلعت، حسن نواز، اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان، کوچز اور سپورٹ اسٹاف شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں بیشتر کھلاڑی ڈھاکہ سے براستہ دبئی میامی پہنچے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ سکواڈ کے لیے الگ کاؤنٹرز کا انتظام کیا گیا تھا، قومی سکواڈ کو کم سے کم وقت میں امیگریشن کے مرحلے سے گزارا گیا۔
پاکستان کرکٹ سکواڈ کو سکیورٹی اہلکاروں نے جہاز سے نکلتے ہی پروٹوکول دیا، پاکستان کرکٹ سکواڈ کو سکیورٹی کی گاڑیوں کے ساتھ ہوٹل پہنچایا گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے میامی پہنچنے پر غیرمعمولی انداز میں استقبال پر خوشی کا اظہار کیا۔
حارث رؤٖف نے اپنے ایکس کاؤنٹ پر لکھا کہ ہمیں بہت پروٹوکول ملا، امریکا میں پہلے کبھی ایسا تجربہ نہیں ہوا،ان کا مزید کہنا تھا کہ اس شاندار پروٹوکول پر انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔
کھلاڑیوں نے غیر معمولی انتظامات کرانے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا مقابلہ 31 جولائی کو لاڈر ہل میں ہو گا، سیریز کا دوسرا مقابلہ 2 اور آخری میچ 3 اگست کو شیڈول ہے۔