امریکا میں کارگو طیارہ گر کر تباہ، تین افراد ہلاک، متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی

امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی وِل کے ایئرپورٹ کے قریب ایک کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا فائل فوٹو امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی وِل کے ایئرپورٹ کے قریب ایک کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا

امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی وِل کے ایئرپورٹ کے قریب ایک کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق طیارہ لوئی وِل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہوا۔

طیارہ ہونولولو کے ڈینیئل کے انوئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب جا رہا تھا۔ حادثے کے بعد قریبی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی اور علاقے میں گھنا دھواں پھیل گیا۔

لوئی وِل کے میئر کے مطابق طیارے میں حادثے کے وقت دو لاکھ 80 ہزار گیلن ایندھن موجود تھا، جس کے باعث آگ تیزی سے پھیلی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ گرنے کے فوراً بعد آگ کے شعلے آسمان کو چھونے لگے اور دور دور تک دھواں دکھائی دیا۔

حادثے کے بعد ایئرپورٹ انتظامیہ نے تمام آمد و رفت کی پروازیں معطل کر دیں۔ امریکی حکام نے ایئرپورٹ سے پانچ میل دور عارضی پناہ گاہیں قائم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، تاہم امریکی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

install suchtv android app on google app store