پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تین سالہ انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کے لیے تقریباً 21 ملین ڈالر ریزرو قیمت مقرر کی، لیکن کوئی بھی اس کا مقابلہ نہیں کر سکا۔
3 برس کی ریزرو پرائس تک کوئی نہ پہنچا، بڈ صرف 2 ہوم سیریزتک محدود رہی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان او رنیوزی لینڈ کے درمیان ہوم سیریز کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس 99,000 ڈالر یعنی تقریباً پونے 3 کروڑ روپے میں فروخت ہو گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 3 سالہ انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کیلیے تقریباً21 ملین ڈالر کی غیر منطقی ریزرو پرائس مختص کی،
کوئی اس کے آس پاس بھی نہ پہنچ سکا، ایک پاکستانی میڈیا گروپ اور نجی کمپنی کے کنسورشیئم نے مل کر بڈنگ میں حصہ لیا،غیرملکی کمپنیز ولو اور اسپورٹس فائیو بھی اس عمل میں شریک ہوئیں۔
اسپورٹس فائیو نے سب سے بڑی7.8 ملین ڈالر کی بڈ دی، پاکستانی کمپنیوں کی بڈتقریباً 4.1 اور ولو کی2.25 ملین رہی،
ریزرو پرائس میچ نہ ہونے پر بورڈ نے شریک پارٹیز کو پرائس بڑھانے کا کہتے ہوئے بڈنگ کے دوسرے راؤنڈ کا انعقاد کیا،
دوسرے مرحلے میں اسپورٹس فائیونے اپنی سابقہ پیشکش 7.8 ملین میں کوئی اضافہ نہ کیا۔
پاکستانی کمپنیوں نے اپنی پیشکش تقریباً دگنی کرتے ہوئے 7.85 تک بڑھاتے ہوئے بڈ جیت لی مگر پی سی بی نے اس بار بھی ریزرو پرائس تک کسی کے نہ پہنچنے پر سب کی بڈز رد کر دیں،
پھر صرف نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوم سیریز اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ویمنز سیریز کے لیے دوبارہ ٹینڈرنگ ہوئی، جس میں دونوں پاکستانی
کمپنیو کی مشترکہ بڈز99 ہزار ڈالر (تقریباً 2 کروڑ 76 لاکھ روپے) رہی، ولو نے 75 ہزار اور اسپورٹس فائیو نے 50 ہزار کی بڈ دی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز 18 اپریل سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے،
جبکہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز سیریز 18 اپریل سے3 مئی تک کراچی میں شیڈول ہے، اس میں 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھلے جائیں گے۔