پیرس اولمپکس میں رسائی کا سفر جاری رکھنے کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم آج ملائیشیا کے خلاف اہم میچ کھیلے گی۔
پیرس اولمپکس ہاکی کوالیفائرز عمان کے دارالحکومت مسقط میں کھیلا جارہا ہے، پاکستانی ٹیم اب تک 2 میچز کھیل کر ٹیبل پر 3 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
برطانیہ کے 6 اور چین کے 3 پوائنٹس ہیں تاہم چین کا گول اوسط پاکستان سے بہتر ہے۔ آج چین کا مقابلہ مضبوط حریف برطانیہ سے ہوگا، اگر چین کی ٹیم برطانیہ کو ہرادیتی ہے تو پھر گولز کے تناسب سے ہی سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگا تاہم چین کے ہارنے پر پاکستان کی ملائیشیا کے خلاف کامیابی ہی کافی ہوگی۔
ہر گروپ سے 2 بہتیرین ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی جبکہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کو پیرس کا ٹکٹ ملے گا۔
تیسری ٹیم سیمی فائنل میں شکست کھانے والی دونوں ٹیموں کے میچ کی فاتح ہوگی، جو اولمپکس میں شرکت کرنے کی اہل ہوگی۔