شکیب الحسن بنگلہ دیش کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب

شکیب الحسن فائل فوٹو شکیب الحسن

بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن بنگلا دیش میں ہونے والے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت کر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش میں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کا حزب اختلاف جماعتوں نے بائیکاٹ کیا تھا۔

36 سالہ آل راؤنڈر نے مغربی قصبے میں واقع ماگورا حلقے میں اپنے حریف کو 1 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔

میڈیا رپورٹس کی مطابق ضلع کے چیف ایڈمنسٹریٹر ابو ناصر بیگ نے کھلاڑی کی جیت کی تصدیق کی۔

خیال رہے کہ انتخابات سے قبل بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے اعتراف کیا تھا کہ انہیں انتخابات میں کسی سنگین رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے لیکن پھر بھی فکر مند ہیں کہ وہ کرکٹ اور سیاست میں توازن برقرار رکھ سکیں۔

انہوں نے تاحال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہیں لی ہے۔ وہ بیک وقت تینوں کرکٹ فارمیٹس میں آئی سی سی نمبر ون آل راؤنڈر رینکنگ رکھنے والے واحد کرکٹر ہیں۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکمران جماعت عوامی لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حسینہ واجد نے بھی اپنے آبائی حلقے سے 8 ویں مرتبہ کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ بی این پی سمیت بنگلادیش کی تمام اپوزیشن جماعتوں نے حکومتی انتقامی کارروائیوں، گرفتاریوں اور سزاؤں کو بنیاد بنا کر انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا۔

install suchtv android app on google app store