سینیٹ ضمنی انتخابات: 6 میں سے چار نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب

سینیٹ فائل فوٹو سینیٹ

صوبہ سندھ، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کی 6 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے جہاں یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے 4 امیدوار سینیٹ نشستوں پر کامیاب ہوگئے، پاکستان مسلم لیگ ن اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست جیت لی۔

سینیٹ کے لیے اسلام آباد کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی جب کہ سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ووٹ ڈالےگئے۔

اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ سے سینیٹ کی نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب پر پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہا۔

اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لےکر سینیٹر منتخب ہوگئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔

سینیٹ کی ایک نشست کے لیے قومی اسمبلی کے 301 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، قومی اسمبلی کے 9 ارکان کے ووٹ مسترد قرار دیےگئے۔

سندھ اسمبلی میں مجموعی طور پر 124 ووٹ کاسٹ کیے گئے، بلوچستان میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے 61 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔

سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو 57 اور سیف اللہ دھاریجو 58 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے۔

دوسری جانب بلوچستان اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لےکر سینیٹر منتخب ہوئے، مسلم لیگ ن کے میر دوستین ڈومکی نے17 ووٹ حاصل کیے، جے یو آئی کے عبدالشکور 16 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔

install suchtv android app on google app store